10مارچ؍ نئی دہلی (پریس ریلیز) دہلی کے براری میں عرس خواجہ غریب نواز میں حاضری دینے ملک بھر سے جانے والے زائرین کے لئے دہلی سرکار کی طرف سے عرس ٹرانزٹ
10مارچ؍ نئی دہلی (پریس ریلیز)
دہلی کے براری میں عرس خواجہ غریب نواز میں حاضری دینے ملک بھر سے جانے والے زائرین کے لئے دہلی سرکار کی طرف سے عرس ٹرانزٹ کیمپ لگایا یا گیا ہے جو 1مارچ سے 20مارچ تک زائرین کی خدمت کے فرائض انجام دے گا۔ کل رات آل انڈیا علما ء ومشائخ بورڈ کے ذمہ دار مولانا مختار اشرف صاحب،اسکالر جامعہ ملیہ اسلامیہ نے عرس کیمپ میں چل رہی محفل میں خصوصی خطاب کیا۔آل انڈیا علماء ومشائخ بورڈ کی جانب سے دہلی سرکار اور دہلی عرس کمیٹی کے چیئر مین جناب ذاکر حسین خاں صاحب کو مبارکباد پیش کی کہ جس طرح کے انتظامات کئے گئے ہیں وہ واقعی قابل تعریف ہیں۔ آپ نے زائرین کو تعلیمات خواجہ غریب نوازسے روشناس کرایااور کہا کہ آپ کا قول ’’محبت سب سے نفرت کسی سے نہیں ‘‘جیسی تعلیمات کی وجہ سے ہی آج 807برسوں کے بعد بھی لوگوں کے دلوں میں خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کی محبتیں زندہ ہیں اورآل انڈیا علماء ومشائخ بورڈ خواجہ غریب نواز کے اسی پیغام محبت کو عام کررہا ہے ۔
دہلی عرس کمیٹی کے چیئر مین جناب ذاکر حسین خاں صاحب نے آل انڈیا علماء ومشائخ بورڈ کے ذمہ دار مولانا مختار اشرف صاحب کو بورڈ کے بانی وقومی صدر حضرت سید محمد اشرف کچھوچھوی کے نام ملک میں ان کی خدمات کے اعتراف میں مومینٹو پیش کیا ۔ بورڈ کے کارکنان حسین شیرانی اور حافظ قمرالدین نے کیمپ کا جائزہ لیتے ہوئے زائرین سے ان کی شکایات معلوم کیں تو زائرین ہر طرح سے مطمئن اور خوش نظر آئے،زائرین نے کہا کہ ہمیں کسی بھی طرح کی کوئی پریشانی نہیں ۔حسین شیرانی نے کہا کہ مستقبل میں بھی دہلی سرکار اور دہلی عرس کمیٹی سے اسی طرح کے اطمینان بخش انتظامات کی امید کرتے ہیں۔
COMMENTS